راولا کوٹ، 21 ستمبر – آزاد جموں و کشمیر کے وزیر سیاحت و آثار قدیمہ سردار فہیم ربانی کے قافلے اور مقامی افراد کے درمیان بنجوسہ بازار میں پیش آنے والے تصادم کے نتیجے میں ایک نوجوان زخمی ہوگیا، جس کے بعد علاقے میں شدید احتجاج شروع ہوگیا اور مرکزی سڑک بند کردی گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب وزیر کے قافلے نے راولا کوٹ جاتے ہوئے مبینہ طور پر ایک مسافر گاڑی کو آگے بڑھنے سے روکا۔ اس دوران مقامی نوجوانوں سے تلخ کلامی جھگڑے میں بدل گئی اور مبینہ طور پر قافلے کے ہمراہ افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں وقار شفیق نامی نوجوان زخمی ہوا۔ اسے فوری طور پر سی ایم ایچ راولا کوٹ منتقل کردیا گیا۔
واقعے کے بعد عوام اور تاجر برادری نے بنجوسہ بازار میں احتجاج کرتے ہوئے مرکزی شاہراہ کو مکمل طور پر بند کردیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ جب تک وزیر کے خلاف ایف آئی آر درج نہیں ہوتی، احتجاج جاری رہے گا۔
اطلاعات کے مطابق مشتعل افراد نے قافلے کی چند گاڑیوں کے شیشے بھی توڑ دیے، جبکہ وزیر کے ساتھی تین سرکاری گاڑیاں موقع پر چھوڑ کر متبادل گاڑی کے ذریعے تراڑکھل روانہ ہوگئے۔
نوٹ: یہ تفصیلات مقامی ذرائع اور عینی شاہدین کے بیانات پر مبنی ہیں۔ وزیر سیاحت سردار فہیم ربانی کا مؤقف تاحال سامنے نہیں آیا۔
📢 ہمارے واٹس ایپ چینل کو جوائن کریں تازہ ترین خبریں اور اپڈیٹس کے لیے: یہاں کلک کریں
اپنی کہانی بھیجیں
اپنی آواز دی آزادی ٹائمز کے ساتھ بلند کریں

