مظفرآباد (نمائندہ خصوصی) — آزاد جموں و کشمیر ہائی کورٹ نے چیئرمین انجمن تاجران مظفرآباد اور ممبر جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی، شوکت نواز میر کو انجمن تاجران کے عہدے سے برطرف کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، پاکستان زیرانتظام کشمیر کی عدالت میں دائر ایک مقدمے میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ انجمن تاجران کے الیکشن آزاد آزاد کشمیر انجمن تاجران ایکٹ کے مطابق نہیں ہوئے تھے۔ عدالت نے اس بنیاد پر فیصلہ سناتے ہوئے انہیں عہدے سے فارغ کرنے کے احکامات جاری کیے۔
دوسری جانب شوکت نواز میر نے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عدالت کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ:
“ہم نے حالیہ دنوں میں کوئی الیکشن کروایا ہی نہیں، بلکہ پانچ سال قبل پورے آزاد کشمیر کے تاجروں نے باہمی مشاورت سے قواعد و ضوابط طے کر کے انتخابات منعقد کیے تھے، جن کے نتیجے میں میں چیئرمین منتخب ہوا تھا۔”
شوکت نواز میر نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ ایک اہم وقت پر آیا ہے، جب جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کل 24 مئی کو 13 مئی کے شہداء عوامی حقوق کی برسی کے موقع پر ایک بڑا عوامی اجتماع منعقد کرنے جا رہی ہے۔ یاد رہے کہ یہ تقریب اصل میں 13 مئی کو ہونا تھی، تاہم لائن آف کنٹرول پر کشیدگی اور جانی و مالی نقصان کے باعث اسے 24 مئی تک مؤخر کیا گیا تھا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ:
“عدالت کا یہ فیصلہ ایسے موقع پر آیا ہے جب پورے آزاد کشمیر میں عوامی حقوق کی آواز بلند کی جا رہی ہے۔ یہ اقدام ہمارے آئندہ عوامی ایونٹ کو سبوتاژ کرنے کی کوشش محسوس ہوتی ہے۔”
اب تک حکومتِ آزاد کشمیر یا عدالت کی جانب سے اس الزام پر کوئی باقاعدہ ردِعمل سامنے نہیں آیا۔
📢 ہمارے واٹس ایپ چینل کو جوائن کریں تازہ ترین خبریں اور اپڈیٹس کے لیے: یہاں کلک کریں