سماہنی (خصوصی رپورٹ) –
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع بھمبر کے علاقے سماہنی میں عیدالفطر کی خوشیاں اس وقت سوگ میں بدل گئیں جب ایک نوجوان پراسرار طور پر گولی لگنے سے جان کی بازی ہار گیا۔ واقعہ کوٹھیاں کڈیالہ میں پیش آیا، جہاں چوہدری ریاض کے جوانسال بیٹے رفاقت حسین کی نعش گھر کے قریب ایک عزیز کے گھر سے ملی۔
واقعہ جمعہ کی شب تقریباً 10 بجے پیش آیا۔ عینی شاہدین کے مطابق رفاقت حسین، جو ہوٹلنگ کے شعبے سے وابستہ تھے اور عید منانے کے لیے اپنے آبائی علاقے آئے ہوئے تھے، اچانک گولی لگنے سے جان بحق ہو گئے۔ پولیس نے نعش کو ابتدائی کارروائی کے بعد پوسٹمارٹم کے لیے سماہنی اسپتال منتقل کر دیا ہے۔ تاحال گولی لگنے کی وجوہات سامنے نہیں آ سکیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ واضح نہیں ہو سکا کہ واقعہ خودکشی ہے یا قتل، تاہم تحقیقات جاری ہیں اور پوسٹمارٹم رپورٹ کے بعد مزید حقائق سامنے آنے کی توقع ہے۔ بعض اطلاعات میں نوجوان کی جانب سے مبینہ خودکشی کا ذکر بھی کیا جا رہا ہے، تاہم اہلِ خانہ اور اہلِ علاقہ نے اس پر گہرے شکوک کا اظہار کیا ہے۔
مرحوم رفاقت حسین ایک بیوہ اور ایک کم سن بیٹے کو سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔ ان کی اچانک اور المناک وفات پر پورا علاقہ سوگ کی کیفیت میں ہے اور گھر میں صفِ ماتم بچھ گئی ہے۔
واقعے کی مزید تحقیقات جاری
پولیس تھانہ چوکی سماہنی میں ابتدائی رپورٹ درج کر لی گئی ہے، جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ مقامی افراد نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف اور غیرجانبدارانہ تفتیش کی جائے تاکہ اصل حقائق سامنے آ سکیں اور متاثرہ خاندان کو انصاف ملے۔
📢 ہمارے واٹس ایپ چینل کو جوائن کریں تازہ ترین خبریں اور اپڈیٹس کے لیے: یہاں کلک کریں
اپنی کہانی بھیجیں
اپنی آواز دی آزادی ٹائمز کے ساتھ بلند کریں

