ہٹیاں بالا (پاکستان زیر انتظام جموں و کشمیر) — 23 جولائی 2025: لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب واقع سیاحتی مقام چکوٹھی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں دو حقیقی بھائیوں نے دریائے جہلم میں چھلانگ لگا دی۔ ریسکیو 1122 نے واقعے کے بعد فوری طور پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، درنگ کے رہائشی محمد یعقوب کے بیٹے، 17 سالہ کاشف اور 19 سالہ وکاس، چیئر لفٹ کے قریب دریائے جہلم کے کنارے موجود تھے۔ بتایا جا رہا ہے کہ میٹرک کے حالیہ امتحانات میں کاشف چند مضامین میں ناکام ہوا، جس پر وہ دلبرداشتہ ہو گیا اور جذباتی کیفیت میں آ کر دریا میں چھلانگ لگا دی۔ اپنے چھوٹے بھائی کو بچانے کے لیے بڑے بھائی وکاس نے بھی فوراً دریا میں چھلانگ لگا دی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں اور مقامی لوگ بڑی تعداد میں موقع پر پہنچ گئے۔ تیز بہاؤ اور پتھریلے علاقے کے باعث تلاش کا عمل چیلنجنگ ثابت ہو رہا ہے۔ ریسکیو ٹیموں کے مطابق تلاش جاری ہے اور جدید آلات کی مدد سے نوجوانوں کی موجودگی کا سراغ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
مقامی افراد نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ نفسیاتی مسائل سے نمٹنے کے لیے تعلیمی اداروں اور معاشرے میں مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ نوجوان ایسے انتہائی اقدامات سے باز رہیں۔
ریسکیو آپریشن کے بارے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے، جبکہ انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ افواہوں سے گریز کریں اور ریسکیو اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔
📢 ہمارے واٹس ایپ چینل کو جوائن کریں تازہ ترین خبریں اور اپڈیٹس کے لیے: یہاں کلک کریں
اپنی کہانی بھیجیں
اپنی آواز دی آزادی ٹائمز کے ساتھ بلند کریں

