تتہ پانی (نمائندہ خصوصی) — پونچھ کے اہم انٹری پوائنٹ تتہ پانی پر عوامی ایکشن کمیٹی تاہی کنوئیاں کی کال پر شدید احتجاج جاری ہے۔ تتہ پانی پُل پر مختلف رکاوٹیں کھڑی کر کے مین ہجیرہ روڈ مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے، جس کے باعث عام مسافروں سمیت ایک دولہا اپنی بارات سمیت مظاہرے میں پھنس گیا۔
دلچسپ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب دولہا اپنی بارات لے کر تتہ پانی پہنچا، مگر راستہ بند ہونے کے باعث نہ آگے جا سکا نہ پیچھے۔ دولہا نے مزاحیہ انداز میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “یہاں ٹھنڈی جگہ ہے، گرمی سے بہتر ہے، تھوڑی دیر رک جاتے ہیں۔” تاہم عوامی ایکشن کمیٹی کے ممبران خضیر حیات، سردار فہدا، اور شعر خواں عاطف کمال نے دولہا کو آگے جانے کی اجازت نہیں دی، اور احتجاج کو سنجیدگی سے جاری رکھنے کا اعلان کیا۔
احتجاجی مظاہرہ بجلی کی غیراعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج کے خلاف کیا جا رہا ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ علاقہ مکین کئی ماہ سے بدترین بجلی بحران کا سامنا کر رہے ہیں، لیکن حکومت اور متعلقہ ادارے مکمل طور پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
مین ہجیرہ روڈ کی بندش کی وجہ سے دور دراز سے آنے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ مقامی دکانداروں اور کاروباری طبقے نے بھی اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
مظاہرین نے حکومت کو وارننگ دی ہے کہ اگر جلد از جلد بجلی کی فراہمی بہتر نہ کی گئی تو احتجاج کا دائرہ کار وسیع کر دیا جائے گا اور دیگر علاقوں میں بھی روڈ بلاک کیے جائیں گے۔
📢 ہمارے واٹس ایپ چینل کو جوائن کریں تازہ ترین خبریں اور اپڈیٹس کے لیے: یہاں کلک کریں
اپنی کہانی بھیجیں
اپنی آواز دی آزادی ٹائمز کے ساتھ بلند کریں

